۱-یُوحنّا. Chapter 5
1 جِس کا یہ اِیمان ہے کہ یِسُوع ہی مسِیح ہے وہ خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے اور جو کوئی والِد سے محبّت رکھتا ہے وہ اُس کی اُولاد سے بھی محبّت رکھتا ہے۔
2 جب ہم خُدا سے محبّت رکھتے اور اُس کے حُکموں پر عمل کرتے ہیں تو اِس سے معلُوم ہوجاتا ہے کہ خُدا کے فرزندوں سے بھی محبّت رکھتے ہیں۔
3 اور خُدا کی محبّت یہ ہے کہ ہم اُس کے حُکموں پر عمل کریں اور اُس کے حُکم سخت نہِیں۔
4 جو کوئی خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے وہ دُنیا پر غالِب آتا ہے اور وہ غلبہ جِس سے دُنیا مغلُوب ہُوئی ہے ہمارا اِیمان ہے۔
5 دُنیا کا مغلُوب کرنے والا کَون ہے سِوا اُس شَخص کے جِس کا یہ اِیمان ہے کہ یِسُوع خُدا کا بَیٹا ہے؟
6 یہی ہے وہ جو پانی اور خُون کے وسِیلہ سے آیا تھا یعنی یِسُوع مسِیح۔ وہ نہ فقط پانی کے وسِیلہ سے بلکہ پانی اور خُون دونوں کے وسِیلہ سے آیا تھا۔
7 اور جو گواہی دیتا ہے وہ رُوح ہے کِیُونکہ رُوح سَچّائی ہے۔
8 اور گواہی دینے والے تِین ہیں۔ رُوح اور پانی اور خُون اور یہ تِینوں ایک ہی بات پر مُتّفِق ہیں۔
9 جب ہم آدمِیوں کی گواہی قُبُول کر لیتے ہیں تو خُدا کی گواہی تو اُس سے بڑھ کر ہے اور خُدا کی گواہی یہ ہے کہ اُس نے اپنے بَیٹے کے حق میں گواہی دی ہے۔
10 جو خُدا کے بَیٹے پر اِیمان رکھتا ہے وہ اپنے آپ میں گواہی رکھتا ہے۔ جِس نے خُدا کا یقِین نہِیں کِیا اُس نے اُسے جھُوٹا ٹھہرایا کِیُونکہ وہ اُس گواہی پر جو خُدا نے اپنے بَیٹے کے حق میں دی ہے اِیمان نہِیں لایا۔
11 اور وہ گواہی یہ ہے کہ خُدا نے ہمیں ہمیشہ کی زِندگی بخشی اور یہ زِندگی اُس کے بَیٹے میں ہے۔
12 جِس کے پاس بَیٹا ہے اُس کے پاس زِندگی ہے اور جِس کے پاس خُدا کا بَیٹا نہِیں اُس کے پاس زِندگی بھی نہِیں۔
13 مَیں نے تُم کو جو خُدا کے بَیٹے کے نام پر اِیمان لائے ہو یہ باتیں اِس لِئے لِکھیں کہ تُمہیں معلُوم ہو کہ ہمیشہ کی زِندگی رکھتے ہو۔
14 اور ہمیں جو اُس کے سامنے دِلیری ہے اُس کا سبب یہ ہے کہ اگر اُس کی مرضی کے مُوافِق کُچھ مانگتے ہیں تو وہ ہماری سُنتا ہے۔
15 اور جب ہم جانتے ہیں کہ جو کُچھ ہم مانگتے ہیں وہ ہماری سُنتا ہے تو یہ بھی جانتے ہیں کہ جو کُچھ ہم نے اُس سے مانگا ہے وہ پایا ہے۔
16 اگر کوئی اپنے بھائِی کو اَیسا گُناہ کرتے دیکھے جِس کا نتِیجہ مَوت نہ ہو تو دُعا کرے۔ خُدا اُس کے وسِیلہ سے زِندگی بخشے گا۔ اُن ہی کو جِنہوں نے اَیسا گُناہ نہِیں کِیا جِس کا نتِیجہ مَوت ہو۔ گُناہ اَیسا بھی ہے جِس کا نتِیجہ مَوت ہے۔ اِس کی بابت دُعا کرنے کو مَیں نہِیں کہتا۔
17 ہے تو ہر طرح کی ناراستی گُناہ مگر اَیسا گُناہ بھی ہے جِس کا نتِیجہ مَوت نہِیں۔
18 ہم جانتے ہیں کہ جو کوئی خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے وہ گُناہ نہِیں کرتا بلکہ اُس کی حِفاظت وہ کرتا ہے جو خُدا سے پَیدا ہُؤا اور وہ شرِیر اُسے چھُونے نہِیں پاتا۔
19 ہم جانتے ہیں کہ ہم خُدا سے ہیں اور ساری دُنیا اُس شرِیر کے قبصہ میں پڑی ہُوئی ہے۔
20 اور یہ بھی جانتے ہیں کہ خُدا کا بَیٹا آگیا ہے اور اُس نے ہمیں سَمَجھ بخشی ہے تاکہ اُس کو جو حقِیقی ہے جانیں اور ہم اُس میں جو حقِیقی ہے یعنی اُس کے بَیٹے یِسُوع مسِیح میں ہیں۔ حقِیقی خُدا اور ہمیشہ کی زِندگی یہی ہے۔
21 اَے بچّو! اپنے آپ کو بُتوں سے بَچائے رکھّو۔