زبُو. Chapter 81

1 خُدا کے حضور جو ہماری قُوت ہے بلند آواز سے گاؤ۔یعقُؔوب کے خُدا کے حضور خُوشی کا نعرہ مارو۔
2 نغمہ چھیڑو اور دف لاؤ اور دِلنواز سِتار اور بربط۔
3 نئے چاند اور پورے چاند کے وقت ہماری عید کے دن نرسِنگاہ پھُونکو۔
4 کیونکہ یہ اِسرائؔیل کے لئے آئین اور یعقُوؔب کے خُدا کا حُکم ہے۔
5 اِسکو اُس نے یُوؔسُف میں شہادت ٹھہرایا۔ جب وہ مُلکِ مصؔر کے خلاف نِکلا میَں نے اُسکا کلام سُنا جسکو میَں جانتا نہ تھا ۔
6 میَں نے اُسکے کندھے پر سے بوجھ اُتار دیا۔ اُسکے ہاتھ ٹوکری ڈھونے سے چھُوٹ گئے۔
7 تُو نے مُصیبت میں پُکارا اور میَں نے تجھے چُھڑایا۔ میَں نے رعد کے ہردہ میں سے تجھے جواب دیا میَں نے تجھے مریؔبہ کے چشمہ پر آزمایا۔
8 اَے میرے لوگو! سُنو۔ میَں تمکو آگاہ کرتا ہوں۔ اَے اِسؔرائیل! کاشکہ تُو میری سُنتا!
9 تیرے درمیان کوئی غیر معبود نہ ہو اورتُو کسی غیر معبود کو سِجدہ نہ کرنا۔
10 خُداوند تیرا خُدا میں ہوں۔جو تجھے مُلکِ مصؔر سے نِکال لایا۔ تُو اپنا مُنہ خُوب کھول اور میں اُسے بھر دوں گا۔
11 پر میرے لوگوں نے میری بات نہ سُنی اور اِسراؔئیل مجھ سے رضا مند نہ ہؤا۔
12 پس میَں نے اُنکو اُنکے دِل کی بٹ پر چھوڑ دیا تاکہ وہ اپنے ہی مشوروں پر چلیں،
13 کاشکہ میرے لوگ میری سُنتےاور اِسراؔئیل میری راہوں پر چلتا!
14 میَں جلد اُنکے دُشمنوں کو مغلوب کردیتا۔ اور اُنکے مُخالِفوں پر اپنا ہاتھ چلاتا۔
15 خُداوند سے عداوت رکھنے والے اُسکے تابعِ ہو جاتے اور اُنکا زمانہ ہمیشہ تک بنا رہتا۔
16 وہ اِنکو اچھےّ سے اچھّا گیہُوں کھِلاتا اور میَں تجھے چٹان میں کے شہد سے سیر کرتا۔