زبُو. Chapter 146
1 خُداوند کی حمد کرو! اَے میری جان خُداوند کی حمد کر!
2 میَں عُمر بھر خُداوند کی حمد کرونگا۔جب تک میرا وجود ہے میَں اپنے خُداوند کی مدح سرائی کرونگا۔
3 نہ اُمرا پر بھروسہ کرو نہ آدم ذاد پر۔ وہ بچا نہیں سکتا۔
4 اُسکا دم نکل جاتا ہے تو وہ مٹی میں مِل جاتا ہے۔ اُسی دِن اُسکے منصوبے فنا ہو جاتے ہیں ۔
5 خُوش نصیب ہے وہ جِسکا مددگار یعقُؔوب کا خُدا ہے۔ اور جِسکی اُمید خُداوند اُسکے خُدا سے ہے۔
6 جِس نے آسمان اور زمین اور سُمندر کو اور جو کچھ اُن میں ہے بنایا۔ وہ سچّائی کو ہمیشہ قائم رکھتا ہے۔
7 جو مظلوُموں کا انصاف کرتا ہے۔ جو بھوکوں کو کھانا دیتا ہے۔ خُداوند قیدیوں کو آزاد کرتا ہے۔
8 خُداوند اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے۔ خُداوند جھُکے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔ خُداوند صادقوں سے مُحبت رکھتا ہے۔
9 خُداوند پردیسیوں کی حفاظت کرتا ہے۔ وہ یتیم اور بیوہ کو سنبھالتا ہے۔ لیکن شریروں کی راہ ٹیڑھی کر دیتا ہے۔
10 خُداوند ابد تک سلطنت کریگا۔ اَے صیِوُؔن! تیرا خُدا پُشت در پُشت ۔خُداوند کی حمد کرو۔