زبُو. Chapter 25

1 اَے خُداوند! مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہوں۔
2 اَے میرے خُدا! میں نے تجھ پر تُوکل کیا۔ مجھے شرمندہ ہونے دے۔ میرے دُشمن مجھ پر شادیانہ نہ بجائیں۔
3 بلکہ جو تیرے منتظر ہیں اُن میں سے کوئی شرمندہ نہ ہوگا۔ پر جو ناحق بے وفائی کرتے ہیں وہی شرمندہ ہونگے۔
4 اَے خُداوند! اپنی راہیں مجھے دِکھا اپنے راستے مجھے بتادے۔
5 مجھے اپنی سچائی پر چلا اور تعلیم دے۔ کیونکہ تُو میرا نجات دینے والا خُدا ہے۔ مَیں دِن بھر تیرا ہی منتظر رہتا ہوں۔
6 اَے خُداوند اپنی رحمتوں اور شفقتوں کو یاد فرما کیونکہ وہ ازل سے ہیں۔
7 میری جوانی کی خطاؤں اور میرے گناہوں کو یاد نہ کر۔ اَے خُداوند! اپنی نیکی کی خاطر اپنی شفقت کے مُطابق مجھے یاد فرما۔
8 خُداوند نیک اور راست ہے۔ اِ س لئے وہ گنہگاروں کو راہ ِ حق کی تعلیم دیگا۔
9 وہ حلیموں کو اپنی راہ بتائیگا۔
10 جو خُداوند کے عہد اور اُس کی شہادتوں کو مانتے ہیں۔ اُن کے لئے اُس کی سب راہیں شفقت اور سچائی ہیں۔
11 اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطر میری بدکاری مُعاف کردے کیونکہ وہ بڑی ہے۔
12 وہ کون ہے جو خُداوند سے ڈرتا ہے؟ خُداوند اُس کو اُسی راہ کی تعلیم دیگا جو اُسے پسند ہے۔
13 اُس کی جان راحت میں رہےگی۔ اور اُس کی نسل زمین کی وارث ہوگی۔
14 خُداوند کے راز کو وہی جانتے ہیں جو اُس سے ڈرتے ہیں اور وہ اپنا عہد اُن کو بتائیگا۔
15 میری آنکھیں ہمیشہ خُداوند کی طرف لگی رہتی ہیں کیونکہ وہی میرا پاؤں دام سے چھُڑائیگا۔
16 میری طرف مُتوجہ ہو اور مجھ پر رحم کر کیونکہ مَیں بیکس اور مُصیبت زدہ ہوں۔
17 میرے دِل کے دُکھ بڑھ گئے۔ تُو مجھے میری تکلیفوں سے رہائی دے۔
18 تُو میری مُصیبت اور جانفشانی کو دیکھ اور میرے سب گُناہ مُعاف فرما۔
19 میرے دُشمنوں کو دیکھ کیونکہ وہ بہت ہیں اور اُن کو مجھ سے سخت عداوت ہے۔
20 میری جان کی حفاظت کر اور مجھے چھُڑا۔ مجھے شرمندہ نہ ہونے دے کیونکہ میرا تُوکل تجھ ہی پر ہے۔
21 دیانت داری اور راستبازی مجھے سلامت رکھیں۔ کیونکہ مجھے تیری ہی آس ہے۔
22 اَے خُدا! اسرائیل کو اُس کے سب دُکھوں سے چھُڑالے۔